اسلام آباد سبزی منڈی کے حدود میں ناکہ بندی کے دوران تین موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہوا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔ بعد ازاں، زخمی ملزم ہسپتال میں دم توڑ گیا، جو کہ اسلام آباد پولیس کے شہید اے ایس آئی علی اکبر کا قاتل بھی تھا۔ ہلاک ہونے والے ملزم سے شہید اے ایس آئی علی اکبر کا سرکاری پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ واقعہ معمول کی چیکنگ کے دوران پیش آیا۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس ٹیم، حفاظتی اقدامات اور بلٹ پروف جیکٹ کے استعمال کی وجہ سے محفوظ رہی۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، جن میں سے ایک موٹر سائیکل تھانہ شمس کالونی کے حدود سے چھینی گئی تھی۔ ملزمان کی دیگر گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔