زیادہ دھواں اخراج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری اقدامات کا فیصلہ

اسلام آباد(آن لائن) پاکستان ادارہ تحفظ ماحولیات نے وفاقی دارالحکومت میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مالکان کو سخت کارروائی کی تنبیہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ زیادہ دھواں اخراج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری اور سخت تعزیری اقدامات کیے جائیں گے۔اتوار کو جاری اپنے بیان میں پاک ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل نازیہ ذیب علی نے کہا کہ ایجنسی نے گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کے تدارک کے لئے اپنے اپریشن میں تیزی لارہی ہے، جو اسلام آباد میں بگڑتی فضائی کوالٹی اور بار بار پیدا ہونے والے اسموگ کے بڑے اسباب میں شمار ہوتا ہے انہوں نے بتایا کہ نفاذِ قانون کی ٹیمیں شہر کی بڑی شاہراہوں، چوراہوں اور زیادہ ٹریفک والے مقامات پر باقاعدہ معائنہ کر رہی ہیں تاکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق موقع پر ہی جرمانہ، گاڑی کی ضبطی یا دونوں سزائیں دی جائیں گی انہوں نے کہا کہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑی چلاناخصوصا بوسیدہ اور ناقص انجنوں سے نکلنے والا کالا دھواں وفاقی ماحولیاتی قوانین کے تحت ماحولیاتی جرم ہے انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا: میں بالکل واضح کرنا چاہتی ہوں کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو کسی صورت اسلام آباد میں چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ صرف ریگولیٹری معاملہ نہیں بلکہ یہ عوامی صحت کا بحران ہے گاڑیوں کا دھواں ہمارے بچوں کی سانسوں میں زہر بھر رہا ہے۔