کیف (آئی این پی) یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی بحریہ کے ڈرونز نے روس کے شیڈو فلیٹ کے دو آئل ٹینکرز کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ بحیرہ اسود سے گزر رہے تھے۔بی بی سی کے مطابق ایک فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی میں چلنے والے ڈرون تیزی سے آئل ٹینکرز سے جا ٹکراتے ہیں جس کے بعد دھماکے کے ساتھ ہی آگ کا گولہ دکھائی دیتا ہے اور ہر طرف دھواں پھیل جاتا ہے۔ترک حکام کے مطابق، نشانہ بنائے گئے ٹینکرز کے نام کیروس اور ویرات تھے جن پر گیمبیا کا جھنڈا لگا ہوا تھا۔دونوں ٹینکرز پر ترکی کے ساحل کے نزدیک نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعد ازاں ویرات پر دوبارہ حملہ کیا گیا۔ ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔