پاکستانی فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ اور معروف ہدایت کارہ سنگیتا نے اپنی آنے والی فلم "مکھو" کے لیے اداکار معمر رانا کے معاوضے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے اصل حقائق سامنے رکھ دیے۔
ان دنوں سنگیتا فلم "مکھو" کی ہدایت کاری کر رہی ہیں، جس میں صائمہ، معمر رانا، میرا اور لیلیٰ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔چند روز قبل گلوکار ذیشان روکھڑی نے، جنہیں ابتدا میں فلم کی پیشکش کی گئی تھی، دعویٰ کیا تھا کہ معمر رانا کو فلم کے لیے صرف 5 لاکھ روپے ادا کیے جا رہے ہیں اور ان کا استحصال کیا جا رہا ہے۔تاہم ایک انٹرویو میں سنگیتا نے ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ معمر رانا ان کے لیے بیٹے کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کے معاوضے سے متعلق قیاس آرائیاں درست نہیں۔سنگیتا کے مطابق معمر رانا کے ساتھ فی دن 5 لاکھ روپے معاوضے پر اتفاق ہوا تھا، جبکہ فلم کی شوٹنگ 8 دن جاری رہی۔ اس طرح اداکار کو مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ معمر رانا پاکستانی فلم انڈسٹری کے ممتاز اداکار ہیں جنہوں نے کئی کامیاب فلمیں دی ہیں۔ سنگیتا نے فلم "چوڑیاں" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سپر ہٹ فلم تھی اور انہیں امید ہے کہ "مکھو" معمر رانا کی ایک شاندار واپسی ثابت ہوگی۔