600بے زمین کسانوں کو اراضی سرٹیفکیٹ مل گئے

دیہی علاقوں میں نیا روزگار پیدا،علاقائی معیشت پر مثبت اثرات ہونگے: وسیم انجم سندھو
شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)حکومت پنجاب کی طرف سے‘‘اپنا کھیت اپنا روز گار ’’سکیم کے تحت قرعہ اندازی کی تقریب ضلع کونسل ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اراکین صوبائی اسمبلی چودھری وسیم انجم سندھو، عطیہ افتخار بیگ تھیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عمران علی ہرل،مسلم لیگ (ن) کے رہنما وحلقہ پی پی 141کے امیدوار سید سجاد حسین شاہ ، چودھری سرفراز احمد چھینہ ، اسامہ ظہور گجر، تحصیلدار چودھری منظور الحق و دیگرنے شرکت کی۔ضلع بھر سے 600سے زائد خوش نصیب کسانوں کو بذریعہ قرعہ اندازی اراضی الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری وسیم انجم سندھونے کہاکہ حکومت پنجاب صوبے کی زرعی معیشت کی مضبوطی اور چھوٹے کسانوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم سے نہ صرف دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس کے زرعی پیداوار اور علاقائی معیشت پر انتہائی مثبت اور تعمیری اثرات مرتب ہوں گے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق زرعی شعبے میں جدید تکنیک اور آسان ہدف پر مبنی مدد کی فراہمی سے کسانوں کا استحصال ختم ہو گاجبکہ دوسری طرف کسانوں کو بلا سود یا انتہائی آسان شرائط پر حاصل ہونے والی سہولیات سے وہ اپنے پاو ں پر کھڑے ہو سکیں گے جس سے خوراک کی خودکفالت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔