حماد اظہر سرنڈر کرنے سے انکار، پھر روپوش

 حماد اظہر 9مئی کے متعدد کیسز میں اشتہاری قرار ، پولیس کی گھر آمد کی وجہ سیروپوشی اختیار کرلی
لاہور(کرائم رپورٹر )قائم مقام صدر پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر نے سرنڈر کرنے سے انکار کردیا اور ایکمرتبہ پھر روپوش ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر روپوش ہوگئے۔2 روز قبل پولیس کی حماد اظہر کے گھر آمد کی وجہ سے حماد اظہر نے روپوشی اختیار کرلی۔حماد اظہر والد کی وفات پر 2 سال کی روپوشی ختم کر کے سامنے آئے تھے۔تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات سے متعلق کیسز میں پولیس کو سرنڈر کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق، حماد اظہر نے پچاس سے زائد مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے حصول کے لیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ ان کے خلاف لاہور، فیصل آباد اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں درجنوں ایف آئی آرز درج ہیں۔حماد اظہر ابتدائی طور پر پشاور ہائیکورٹ کے روبرو پیش ہو کر تمام مقدمات میں حفاظتی ضمانت حاصل کریں گے، جس کے بعد متعلقہ عدالتوں میں مستقل ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر کی قانونی ٹیم نے تمام مقدمات کا ریکارڈ اکٹھا کر لیا ہے اور جلد ہی قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔یاد رہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے متعدد کیسز میں اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں اور پولیس کو مطلوب ہیں۔