فن لینڈ پارک کیس: ڈی سی فیصل آباد سے 6 اگست تک جواب طلب

جھولے سے بچی کی ہلاکت کے بعد سیل پارک کو کھولنے کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا نوٹس
 جھولے محفوظ، عملہ تربیت یافتہ اور متاثرہ خاندان کو معاوضہ بھی ادا کیا جا چکا:درخواست گزار کا مؤقف
لاہور (زیڈ این این) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے فیصل آباد میں 12 سالہ بچی کی جھولے سے گر کر ہلاکت کے بعد سیل کیے گئے ''فن لینڈ'' پارک کو دوبارہ کھولنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سے 6 اگست تک جواب طلب کر لیا ہے۔درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ بچی کی ہلاکت کے بعد پارک کو بند کر دیا گیا تھا، مگر اب یو آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق جھولے محفوظ قرار دیے جا چکے ہیں اور جھولوں کے لیے ماہر و تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا کہ ہلاک ہونے والی بچی کے والدین کو مالی معاوضہ بھی ادا کیا جا چکا ہے۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ چونکہ ڈی سی فیصل آباد کے پاس جھولوں کے تکنیکی جائزے کے لیے ماہرین موجود نہیں، اس لیے وہ پارک کو ڈی سیل کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ عدالت سے درخواست ہے کہ وہ ڈی سی فیصل آباد کو پارک کو کھولنے کا حکم جاری کرے۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اگست تک جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔