لاہور: گڑھی شاہو ریلوے پل کے قریب جی کے این (GKN) آر ایم سی ٹرین کا انجن ڈی ریل ہوگیا، جس کے باعث ریلوے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا اور مین لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق جی کے این آر ایم سی ٹرین 18 سے 19 ویگنوں پر مشتمل لوڈ کے ساتھ صبح 5 بج کر 17 منٹ پر گڑھی شاہو سے روانہ ہوئی تھی۔ ٹرین جب لائن نمبر ایک میں داخل ہو رہی تھی تو اس کے انجن نمبر DE-4832 کا اگلا حصہ پٹڑی سے اتر گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انجن کی فرنٹ ٹرالی ڈی ریل ہونے کے باعث مین لائن پر ریلوے ٹریفک متاثر ہوئی اور ٹرینوں کی معمول کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔واقعے کے فوری بعد ریلوے حکام نے امدادی کارروائیوں کے لیے کرین طلب کر لی۔ ڈی ریل ہونے والے انجن کو دوبارہ پٹڑی پر لانے اور متاثرہ مین لائن کو بحال کرنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مین لائن متاثر ہونے کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں اطراف سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو لوپ لائن نمبر ایک سے گزارنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے ٹرینوں کو مناسب سگنلز کے تحت متبادل ٹریک پر منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ ریلوے اسٹیشن پر یونیورسل پوائنٹس کی سہولت موجود ہے، جس کے باعث دونوں اطراف سے ٹرینوں کی آمدورفت لوپ لائن کے ذریعے ممکن بنائی گئی۔