جمعیت علمائے اسلام (ف) کے وفد کا دارالعلوم مدنیہ کا دورہ
ڈسکہ ( خصوصی رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام (ف) ڈسکہ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے دارالعلوم مدنیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے متحرک احیاء اور شاندار سالانہ جلسے کے باوقار انعقاد پر مہتمم دارالعلوم مولانا طیب خان ثاقب سے ملاقات کر کے انہیں مبارکباد پیش کی۔ وفد میں جمعیت علمائے اسلام کے ممتاز رہنما مفتی محمد زکریا بہگل، مولانا فیصل خان فاروقی، مولانا حسین احسان، فاروق شیخ اور حاجی محمد عارف شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علمائے کرام نے دارالعلوم مدنیہ کی تاریخی و دینی خدمات کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دارالعلوم مدنیہ، مولانا فیروز خان ثاقب کی وہ تاریخی و فکر انگیز یادگار ہے جس نے ایک طویل عرصے تک اس پورے خطے کو توحید و سنت کی خوشبو سے معطر رکھا اور جس کے بساطِ علم سے فراغت پانے والے ہزاروں علماء و شیوخ آج ملک بھر میں دینِ مبین کی آبیاری کر رہے ہیں۔ وفد کے اراکین کا کہنا تھا کہ یہ امر باعثِ مسرت و اطمینان ہے کہ مولانا طیب خان ثاقب کی فعال اور تدبرانہ سربراہی میں یہ عظیم علمی مرکز ایک بار پھر اپنی تمام تر علمی تابانیوں کے ساتھ قرآن، سنت اور فقہ کے معارف و موتی لٹاتا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دارالعلوم کی ترقی، استحکام اور علمی سفر کی بہتری کے لیے ان کا بے لوث اور ہر ممکن تعاون ہمیشہ شانہ بشانہ حاصل رہے گا۔ اس موقع پر مہتمم دارالعلوم مولانا طیب خان ثاقب نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ مدارسِ دینیہ اسلام کے مضبوط اور ناقابلِ تسخیر قلعے ہیں۔ ان کا تحفظ، تعمیر اور علمی و روحانی پیش رفت ہماری زندگی کا بنیادی مقصد ہے، جس کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی اپنی تمام تر توانائیاں وقف رکھیں گے۔