آل کراچی کیماڑی فٹ بال ٹورنامنٹ میں فرنٹیئر سٹی کلب اور آغا خان جمخانہ کلب کی کامیابی

کراچی(سپورٹس ڈیسک) آزاد شاہین فٹ بال کلب کے زیر اہتمام جاری آل کراچی کیماڑی فٹ بال ٹورنامنٹ میں فرنٹیئر سٹی کلب اور آغا خان جمخانہ کلب نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کیماڑی کراچی کے جنرل سیکرٹری اسلام الدین اورآزاد شاہین فٹ بال کلب کے سیکرٹری محمد نواب کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ گزشتہ روز بنارس فٹ بال گراؤنڈ میں ٹورنامنٹ کے دو میچز کھیلے گئے پہلے میچ میں فرنٹیئر سٹی کلب نے اورنگی ملت کلب کو ایک سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے اور دوسرے میچ میں آغا خان جمخانہ کلب نے قذافی گرین کلب کو 2-3 گول سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ اورنگی فٹ بال گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آزاد شاہین کلب اور ینگ عزیز آباد کلب کی ٹیموں کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔