اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں عدالتی کمیشن کی تشکیل اور پارلیمنٹ میں موجود تمام پاپولر جماعتوں کی فنڈنگ کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں عدالتی انکوائری کمیشن قائم کیا جائے جو تحقیقات کرے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے 2 اگست 2022 کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد میں کیا رکاوٹیں حائل ہیں اور ملزمان کے خلاف اب تک کیا قانونی کروائی کی گئی ہے؟۔عدالتی کمیشن پی ٹی آئی کی (2013-2009) تک فارن فنڈنگ ثابت ہونے کے بعد اگلے پانچ سال (2019-2014) کے دوران ہونے والی مبینہ فارن فنڈنگ کی تحقیقات بھی کرائے۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے دسمبر 2017 کے فیصلہ کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ازخود یہ اختیار حاصل ہے کہ کسی شکایت کے باضابطہ دائر ہوئے بغیر بھی وہ سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کی مکمل تحقیقات کر سکتا ہے۔ قومی سلامتی کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے یہ عدالتی کمیشن پارلیمان میں موجود تمام پاپولر سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کی مکمل تحقیقات کرائے۔