سردیوں میں بارشیں اوربرفباری کم ہوگی

پاک پتن ، ساہیوال میں گندم اور سبزیوں کو پالہ کے باعث نقصان پہنچنے کا اندیشہ 
 آئندہ ماہ پنجاب میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر سکتا ہے:این ڈی ایم اے 
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے حکام کے مطابق رواں سال سردیوں میں معمول سے کم بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کا سنو کور 7 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ لاہور، قصور، ملتان، ننکانہ صاحب اور رحیم یار خان میں نومبر کے دوران اے کیو آئی 400 سے تجاوز کر سکتا ہے۔بریفنگ میں سینئر ڈائریکٹر رسک اسیسمنٹ طیب شاہ نے بتایا کہ لانینا فیکٹر کے باعث سردیوں میں بارش اور برفباری محدود رہیں گی، زیادہ تر بارشیں شمالی علاقوں میں ہوں گی جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے دوران درجہ حرارت گزشتہ دس سال کے مقابلے میں زیادہ رہنے کی توقع ہے اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں خشک سالی کا خطرہ موجود ہے۔ فروری میں برفباری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔این ڈی ایم اے کی ٹیکنیکل ٹیم کی رکن زہرا حسن کے مطابق پاک پتن اور ساہیوال میں گندم و سبزیوں کو فراسٹ سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ پاکستان میں دھوئیں کے اخراج کا سب سے بڑا ذریعہ ٹرانسپورٹ ہے جس میں موٹر سائیکلوں کا حصہ نمایاں ہے۔