پل قیام پاکستان سے قبل بنایا گیا تھا ، ریلوے سٹیشن پر آنے جانے کا واحد رابطہ پل تھا
وزیر ریلوے نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ، 3افسران معطل، تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی
خانیوال(آئی این پی؍ آن لائن )خانیوال ریلوے سٹیشن پر مسافر پل گر گیا جس سے ریلوے ایس ٹی جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ پل گرنے سے ریلوے ایس ٹی اکرم اور خاتون ملبے کے نیچے دب گئے تھے، زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واضح رہے کہ پل قیام پاکستان سے قبل بنایا گیا تھا ، ریلوے سٹیشن پر آنے جانے کا یہ واحد رابطہ پل تھا۔دریں اثناء خانیوال سٹیشن پر مسافر پل کا حصہ گرنے کے معاملے کاوزیر ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے 3افسران کو معطل کردیا۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے معاملے پر سخت اظہار افسوس کیا اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت جاری کرتے ہوئے گریڈ 18کے ڈویژنل انجینئر عابد رزاق ،گریڈ 17کے اسسٹنٹ انجینئر راجا یوسف اور گریڈ 16کے انسپکٹر برج ملتان محمد عادل کو فوری طورپر معطل کردیا ۔ وزیرریلوے نے معاملے پر فوری طور پر سی ای او ریلوے، آئی جی ریلوے اور ڈی ایس لاہور پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔