امریکا پر 36 کھرب ڈالر کا قرض؛ حکومت کی شہریوں سے اتارنے میں مدد کی اپیل

ہر سیکنڈ میں 55,000 ڈالرز کے حساب سے قرض بڑھ رہا ہے،ملک جلد مالیاتی بحران کاشکار ہوجائیگا،ماہرین معاشیات 
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حکومت اپنی سرکاری ویب سائٹ Pay.gov کے ذریعے شہریوں سے اپیل کررہی ہے کہ وہ آن لائن ادائیگی پلیٹ فارم PayPal یا Venmo کے ذریعے قومی قرضہ اتارنے میں حکومت کی مدد کریں۔امریکا پر قرضہ تقریباً 36.7 کھرب ڈالرز تک پہنچ چکا ہے۔ محکمہِ خزانہ نے Pay.gov پر Gifts to Reduce the Public Debt کے نام سے ایک سیکشن بنایا ہے جہاں افراد پیپال یا وینمو کے ذریعے کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈ یا بینک ٹرانسفر سے رقم دے سکتے ہیں۔یہ پروگرام 1996 میں شروع ہوا تھا جس کے تحت اب تک لوگ کل 67.3 ملین ڈالرز تک عطیات دے چکے ہیں جو کہ قرضے کے پیمانے کے مقابلے میں نہایت معمولی رقم ہے۔2024 میں شہریوں کی جانب سے حکومت کو قرضہ چکانے کی مد میں تقریباً 27 لاکھ ڈالرز دیے گئے جب 2025 کے پہلے پانچ مہینوں میں تقریباً 434,500 ڈالرز دیے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکا پر تقریباً ہر سیکنڈ میں 55,000 ڈالرز کے حساب سے قرض بڑھ رہا ہے۔ماہر معاشیات متنبہ کر چکے ہیں کہ حکومتی سطح پر اگر فوری ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے تو امریکا بہت جلد ایک مالیاتی بحران کا شکار ہوجائے گا۔