سعودی عرب: شادی کے پہلے ہی سال طلاق ہونے کی شرح میں اضافہ

 ہر 9 منٹ میں 1 طلاق کا واقعہ رپورٹ،رواں سال ہونے والی شادیوں میں سے 12.6 فیصد کا انجام طلاق پر ہوا 
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں شادی کے فوراً بعد طلاق لینے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، سعودی عرب میں ہر 9 منٹ میں 1 طلاق کا واقعہ رپورٹ ہوتا ہے۔گلف نیوز کی ایک رپورٹ میں سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے طلاق کی شرح سے متعلق جاری کیے گئے اعداد و شمار پر بات کی گئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال سعودی عرب میں ہونے والی کْل شادیوں میں سے 12.6 فیصد کا انجام طلاق پر ہوا جبکہ ان میں سے 65 فیصد سے زائد طلاقیں شادی کے پہلے سال کے اندر ہی واقع ہوئیں۔وزارتِ انصاف اور جنرل اتھارٹی فار اسٹیٹسٹکس کے تازہ ترین ڈیٹا کے مطابق 2025ء کے دوران ملک بھر میں تقریباً 57 ہزار 595 طلاقوں کا اندراج کیا گیا ہے، یعنی کہ یومیہ اوسطاً 157 طلاقیں ہوئیں جو ہر 9 منٹ کے بعد ایک طلاق کے برابر ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الباحہ سب سے زیادہ طلاق کی شرح کے ساتھ سرِفہرست شہر ہے جہاں 36 فیصد شادیوں کا اختتام طلاق پر ہوا۔دوسری جانب ریاض میں یہ شرح 21.7 فیصد جبکہ حائل میں 19.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔