صرف ڈپٹی کمشنر کی منظور شدہ کمرشل جگہوں پر ہی کاروبار اور سٹوریج کی اجازت ہوگی
لاہور(آئی این پی )حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ نے وزیرِ اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق بسنت کے موقع پر ایک محفوظ، پرامن اور منظم ثقافتی میلے کے انعقاد کیلئے کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت جامع اقدامات کا اعلان کردیا۔پتنگ بازی کے سامان کی ممکنہ مہنگی اور غیر قانونی خرید و فروخت کے خدشے کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق ضلع لاہور اور صوبہ پنجاب کی حدود سے باہر سے پتنگ بازی کا سامان لانے کی اجازت صرف مخصوص شرائط کے تحت دی جائے گی، جبکہ یہ سہولت صرف رجسٹرڈ تاجروں تک محدود ہوگی، اس مقصد کیلئے ای بز (e-Biz) پورٹل کے ذریعے آن لائن ٹرانسپورٹیشن پرمٹ کے اجرا کی جدید سہولت متعارف کرائی گئی ہے تاکہ تاجر برادری کو قانونی اور شفاف طریقے سے اجازت نامے حاصل کرنے میں آسانی ہو۔ضلعی انتظامیہ اور رجسٹرڈ تاجروں کے مابین مکمل تعاون، قوانین اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا گیا ہے