وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کی پہلی مکمل ای وی (الیکٹرک ویہیکل) بس سروس کا افتتاح لاہور میں کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ای وی بس کا تفصیلی معائنہ کیا اور اس میں سواری بھی کی۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے وزیراعلیٰ کو بس کی خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔اس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای وی بس میں جی پی ایس لوکیشن ریکارڈر، وائی فائی، یو پی ایس پورٹ اور دیگر جدید سہولتیں موجود ہیں۔ اس بس میں 30 نشستیں اور 80 مسافروں کی گنجائش ہے۔ بس میں خصوصی افراد کے لیے ریمپ اور مخصوص نشستیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، بس کے فرش پر اینٹی سلپ شیٹ استعمال کی گئی ہے تاکہ مسافروں کی فاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ای وی بس کے لیے نو مخصوص چارجنگ سٹیشنز بھی قائم کیے گئے ہیں، اور ایک بار چارج کرنے پر بس 250 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکے گی۔ لاہور کی سب سے بڑی اور طویل 21 کلومیٹر روٹ پر 27 ای وی بسیں چلائی جائیں گی۔ یہ بسیں ریلوے سٹیشن سے گرین ٹاؤن تک مختلف علاقوں سے گزریں گی، جیسے کہ کوئینز روڈ، مزنگ، فیروز پور روڈ، کیمپس پل اور اچھرہ کینال نہر۔
یومیہ 17,000 مسافر اس ای وی بس سروس کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔ فروری کے وسط میں اس سروس کا باقاعدہ آغاز ہو گا۔ اس روٹ پر 42 جدید ترین بس شیلٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، اور ہر 9 منٹ کے بعد بس سروس فراہم کی جائے گی۔ کرایہ ڈیجیٹل والٹ اور یونیورسل ٹرانسپورٹ کارڈ کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بس سٹینڈز پر سولر فین اور واٹر کولر کی تنصیب کی ہدایت کی، اور ساتھ ہی سیف سٹی کیمرے نصب کرنے کے احکامات بھی دیے۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس بھی ہوا، جس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے اس پروجیکٹ کے تحت ای ٹیکسی کی پنجاب میں اسمبلنگ اور نجی اشتراک سے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کے اقدامات کی ہدایت بھی دی۔