محمد عباس نے 26 سال پُرانا ریکارڈ توڑ ڈالا، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

محمد عباس نے 26 سال پُرانا ریکارڈ توڑ ڈالا، شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

ویب ڈیسک: پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عباس نے جنوبی افریقا کے خلاف سنچورین ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا۔

محمد عباس نے 54 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی بولر کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ یہ کارنامہ اس سے پہلے 1998 میں ثقلین مشتاق نے جنوبی افریقا کے خلاف ڈربن ٹیسٹ میں 78 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر ریکارڈ بنایا تھا۔اس کے علاوہ، پاکستان کے دیگر بولرز جیسے وقار یونس نے 1998 میں 78 رنز کے عوض 6 شکار کیے، سعید اجمل نے 2013 میں 96 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، اور تنویر احمد نے 2010 میں ابوظبی میں 120 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد عباس کی یہ شاندار کارکردگی انٹرنیشنل کرکٹ میں تین برس بعد واپسی کے بعد سامنے آئی ہے۔ ان کی اس بہترین کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کو فتح میں مدد دی بلکہ ان کی واپسی کے بعد ان کی فارم کو بھی ثابت کیا۔جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کیپ ٹاؤن میں 3 جنوری سے شروع ہونے والا ہے، اور محمد عباس کی کارکردگی سے پاکستانی ٹیم کو آئندہ میچز میں بھی امید ہے کہ وہ اس سلسلے میں بہترین بولنگ کے ذریعے کامیابیاں حاصل کرے گی۔