سابق فاسٹ بائولر کائنات امتیاز نے پاکستان کی جانب سے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جبکہ ان کی والدہ بھی انٹرنیشنل امپائر ہیں
کراچی (سپورٹس ڈیسک)کراچی میں جاری نیشنل انڈر 19ویمن ٹورنامنٹ میں 5خواتین میچ ریفریز فرائض انجام دے رہی ہیں، خاص بات یہ ہے کہ ان میں 4 سابق قومی کرکٹرز بھی شامل ہیں، جنہوں نے میچ ریفری کے طور پر اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔کراچی میں جاری نیشنل انڈر نائنٹین ویمن ٹورنامنٹ میں آل ویمن میچ آفیشلز کی جانب ایک اور اہم قدم، پاکستان کی پہلی خاتون میچ ریفری ثمن ذوالفقار کے ساتھ کائنات امتیاز، ایمن انور، حنا اعظم اور فاخرہ کاظمی بھی میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔چاروں سابق قومی کرکٹرز ہیں جو کھیل کے میدان کے بعد اب میچ آفیشل کے طور پر نئی اننگز شروع کر رہی ہیں۔سابق فاسٹ بائولر کائنات امتیاز نے پاکستان کی جانب سے 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، جبکہ ان کی والدہ بھی انٹرنیشنل امپائر ہیں۔ایمن انور نے حال ہی میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی، وہ پاکستان کی جانب سے 8 ون ڈے اور 37 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکی ہیں، حنا اعظم اور فاخرہ کاظمی بھی قومی سطح پر کرکٹ کھیلتی رہی ہیں اور پہلی مرتبہ میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ویمن کرکٹ میں آل ویمن میچ آفیشلز کی روایت اب عالمی سطح پر بھی دیکھنے کو مل رہی ہے، آئی سی سی کے میگا ایونٹس میں بھی خواتین پر مشتمل میچ آفیشلز کی ٹیمیں فرائض انجام دے چکی ہیں اور پاکستان میں نیشنل انڈر 19 ویمن ٹورنامنٹ میں 5 خواتین میچ ریفریز کی شرکت اس روایت کے مزید مضبوط ہونے کی علامت ہے۔