ٹریفک اہلکاروں نے دل کا دورہ پڑنے والے شہری کو بچالیا

 ٹریفک وارڈن آفتاب اور اسسٹنٹ عبداللہ نے موقع پر فوری سی پی آر کیا
لاہور(کرائم رپورٹر) گوجرانوالہ میں ٹریفک وارڈن آفتاب اور ٹریفک اسسٹنٹ عبداللہ نے دورانِ سفر دل کی تکلیف کے باعث بے ہوش ہونے والے موٹرسائیکل سوار شہری کو فوری طبی امداد فراہم کرکے جان بچالی۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں نے شہری کو فوری طور پر سڑک کے کنارے منتقل کیا اور موقع پر ہی سی پی آر کرکے اس کی سانس بحال کی۔ بعدازاں شہری کو بروقت ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہری کی جان بچانے پر ٹریفک وارڈن آفتاب اور ٹریفک اسسٹنٹ عبداللہ کو شاباش دیتے ہوئے ان کے جذبہ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی کے ساتھ خدمتِ خلق کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے۔ افسران اسی جذبے کے تحت فرائض انجام دے کر شہریوں کی مدد اور خدمت کی مثال قائم کریں۔