ڈرون اڑانے پر 30 روز پابندی برقرار

 سکیورٹی خدشات کے باعث آ ئوٹ ڈور ڈرون استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی 
 اندرونی تقریبات، زرعی و تحقیقی مقاصد کیلئے تحریری اجازت سے ڈرون استعمال ہوگا 
لاہور( آئی این پی) محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے تحت آ ئوٹ ڈور ڈرون اڑانے پر 30 روز کے لیے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ حکومت پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرونز کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی۔ اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ نے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت دینے کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے محفوظ استعمال کی تحریری اجازت بھی ضلعی سیف ڈرون یوزیج کمیٹی دے گی۔ کمیٹی کی تحریری اجازت حاصل ہونے کی صورت میں ڈرونز کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ ہوگا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈرون پر پابندی ضابطہ فوجداری 1898ء  کی دفعہ 144(6) کے تحت عائد کی ہے۔ نوٹیفکیشن میں پنجاب بھر کی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عمل در آمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔