اعظم کلاتھ مارکیٹ میں چوری کی بڑی واردات،پولیس سراغ لگانے میں ناکام ہو گئی
متعدد وارداتیں گھر جاتے سی سی ڈی اہلکار کو لوٹ کر تشدد سے زخمی کردیا، ہسپتال منتقل
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں تیزی، کپڑے کی سب سے بڑی اعظم کلاتھ مارکیٹ میں 2 دکانوں سے 3کروڑ80لاکھ روپے کی نقدی چوری کرلی گئی،پولیس سراغ لگانے میں ناکام ہو گئی۔ باٹاپور میں ڈاکوئوں نے سی سی ڈی اہلکار کو لوٹ کر شدید تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا، جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، موبائل فونز، قیمتی سامان لوٹ لیاگیا، جبکہ 2گاڑیاں اور 3موٹرسائیکلیں چوری کرلی گئیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ مستی گیٹ کے علاقے میں چور وں نے ایک دکان کے تالے توڑ کر تجوری سے 3 کروڑ 32لاکھ روپیجبکہ اسی دوران ایک اور دکان سے 47 لاکھ 50 ہزار روپے چوری کرلئے،دونوں وارداتوں کا مقدمہ تھانہ مستی گیٹ پولیس نے درج کر لیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق اعظم کلاتھ مارکیٹ کی دکان نمبر 103 میں چور تالے توڑ کر الماری سے 3 کروڑ 32 لاکھ روپیجبکہ دکان نمبر 23 سے ٹیبل کے دراز سے 47 لاکھ 50 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔پولیس نے کروڑوں روپے چوری کی ایک ہی ایف آئی آر درج کی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دکان کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوتے ہوئے چوروں کی کلوز سرکٹ فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس کی مدد سے ملزموں کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں باٹا پور کے منڈیالہ گائوں کے قریب ڈیوٹی سے واپس گھر جاتے ہوئے سی سی ڈی اہلکار عمر طارق کو 4ڈاکوئوں نے روکا، اس سے پرس چھین کر تشدد بھی کرتے رہے جس کے نتیجے میں زخمی ہوگیا۔زخمی اہلکار عمر فاروق کو طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس کا کہنا کہ واردات کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کردی ہے۔ ادھر غازی آٓباد میں فاروق سے 1 لاکھ 40 ہزار روپے اور موبائل فون،کاہنہ میں پرویز سے 1 لاکھ 30ہزار روپے اور موبائل فون،لوہاری میں اطہر سے 1 لاکھ 25ہزار روپے اور موبائل فون،اچھرہ میں امجد سے 1لاکھ 20ہزار روپے اور موبائل فون، لوئرمال میں ابوبکر سے1لاکھ 10ہزار روپے ،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔نواب ٹائون اور گوالمنڈی سے گاڑیاں جبکہ نوانکوٹ، شفیق آٓباد اور گلشن راوی سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔