اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس کی باضابطہ تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جبکہ اس سلسلے میں وزیراعظم نے آج اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں دورے کے انتظامات، مجوزہ ایجنڈے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آئندہ چند ہفتوں میں روس کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں متعلقہ حکام انہیں دورے کی تیاریوں اور مجوزہ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں دورے کے دوران زیر بحث آنے والے اہم معاملات، دوطرفہ معاہدوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔
روسی صدر سے ملاقات متوقع
متوقع دورۂ روس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور دیگر اعلیٰ روسی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دورے کے ایجنڈے میں معاشی، تجارتی، علاقائی امن اور سیکیورٹی سے متعلق امور کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق امور بھی زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پاکستان اور روس کے درمیان ممکنہ تعاون اور متعلقہ معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ رواں سال مارچ میں علاقائی اور داخلی صورتحال کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔ اب اس دورے کی بحالی کے لیے دوبارہ باضابطہ تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔