انسان اور ریچھ کی دوستی‘ ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم بن گئے ہیں

 بوسنیا و ہرزیگووینا (نیٹ نیوز)ریچھ دنیا کے خطرناک ترین اور طاقتور جنگلی جانوروں میں شمار ہوتے ہیں تو کیا آپ ایسے جانور کو کسی انسان کے بہترین دوست کے طور پر دیکھ سکتے ہیں؟یقین کرنا مشکل ہوگا مگر یورپی ملک بوسنیا و ہرزیگووینا میں واقعی ایک ریچھ اور انسان بہترین دوست کے طور پر ایک ساتھ رہتے ہیں۔مادہ ریچھ ماسا اور پیٹر ٹیوبک کی اس انوکھی دوستی کا آغاز 2019 میں ہوا۔پیٹر ٹیوبک نے ماسا کو ایک جنگل میں اس وقت دریافت کیا جب بچپن میں اس ریچھ کو وہاں تنہا چھوڑ دیا گیا تھا اور وہ اسے گھر لے گئے۔اس کے بعد سے وہ دونوں ایک دوسرے کے بہترین دوست ہیں اور جدا ہونے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔پیٹر ٹیوبک نے بتایا کہ 'ٹیڈی بیئر دنیا بھر میں مقبول ترین کھلونوں میں شامل ہیں، تو تصور کریں ایک حقیقی ریچھ کا، جو آپ کے ساتھ ہو تو اس سے جدا ہونا مشکل لگتا ہے مگر یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے'۔جب پیٹر ٹیوبک نے ماسا کو دریافت کیا تو ماسا کا وزن محض 2 کلوگرام تھا اور جنگل میں تنہا تھی، جہاں اس کا بچنا ممکن نہیں تھا۔پیٹر ٹیوبک نے ماسا کا خیال رکھا، دودھ اور پھلوں سے اسے مضبوط بنایا۔ماسا کی دریافت نے پیٹر ٹیوبک کی زندگی کو غیرمتوقع سمت کی جانب موڑ دیا کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے کبھی کسی جانور کا خیال نہیں رکھا تھا۔مگر اب انہوں نے ایک اور مادہ ریچھ Ljubica کو گود لیا ہے جو ان کی جائیداد میں ہی مقیم ہے۔ماسا کا وزن اب 150 کلوگرام ہوچکا ہے اور موسم سرما میں اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔اپنے وزن سے بے خبر ماسا اکثر پیٹر ٹیوبک کی گود میں بیٹھنے کی کوشش کرتی ہے جو وہ بچپن سے کرتی آرہی ہے۔پیٹر ٹیوبک نے بتایا کہ ریچھوں کے ساتھ کھیلنے کے دوران اکثر ان کے جسم پر کچھ خراشیں نمودار ہو جاتی ہیں یا قمیض پھٹ جاتی ہے۔ماسا اور Ljubica کی بدولت ماؤنٹ Ozren میں واقع پیٹر ٹیوبک کا گھر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، جہاں متعدد افراد ریچھوں کو دیکھنے آتے ہیں۔پیٹر ٹیوبک 2 بھیڑیوں، ہرن، ریکون اور کئی اور جانوروں کی دیکھ بھال بھی کرتے ہیں۔پیٹر ٹیوبک کی اہلیہ میلسیا اور 9 سالہ بیٹی ایوا بھی اس گھر میں مقیم ہیں جبکہ وہ خود الیکٹریشن کا کام کرتے ہیں۔اس سے ہٹ کر پیراگلائیڈنگ، غاروں کی کھوج اور ہائیکنگ سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں، مگر اس خاندان کی خوشی کا بنیادی ذریعہ جانوروں کے ساتھ وقت گزارنا ہے۔ویسے تو وہ ان ریچھوں کو واپس جنگل بھیجنے پر غور کر رہے ہیں مگر پیٹر ٹیوبک کو ڈر ہے کہ یہ دونوں انسانوں سے اتنا مانوس ہوچکے ہیں کہ انہیں چھوڑنا دونوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔تو ابھی کچھ عرصے تک Ljubica اور ماسا پیٹر ٹیوبک کے ساتھ ہی رہیں گے۔