پنجاب حکومت کا معاشی اقدام، اضلاع کو ترقی کا انجن بنانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا معاشی اقدام، اضلاع کو ترقی کا انجن بنانے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبائی حکومت نے اضلاع کو معاشی ترقی کا حقیقی انجن بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کے لیے بزنس فسیلیٹیشن کے موضوع پر دو روزہ خصوصی ورکشاپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورکشاپ کا آغاز 2 نومبر سے سول سیکرٹریٹ لاہور میں ہوگا، جس کا بنیادی مقصد مقامی معیشت کو فروغ دینا، کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ نجی شعبے کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔حکام کے مطابق ورکشاپ کے دوران ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) اور پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کے نمائندے کاروباری مواقع، سرمایہ کاری کے امکانات اور ڈیجیٹل سروسز کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ورکشاپ میں معروف ملکی اور غیر ملکی صنعتی و تجارتی شخصیات بھی شرکت کریں گی، جو کاروباری ترقی، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق اپنے تجربات اور تجاویز پیش کریں گی۔

اس موقع پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی جانب سے خصوصی ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں کاروباری افراد کو ادارے کی خدمات، دستیاب سہولیات اور سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔مزید برآں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ورکشاپ میں شریک ہوں گے، تاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں کاروباری سہولیات کی فراہمی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔