مسلسل محنت کے نتیجے میں دوبارہ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچ گیا،بعد میں وہی فلم ساز دوبارہ میرے پاس فلم کی پیشکش لے کر آئے
لاہور (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے ایک مشکل دور میں مجھے ایک فلم سے نکال کر میری جگہ اداکار فیصل رحمن کو کاسٹ کر لیا گیا تھا، جس پر میں شدید دل برداشتہ ہوا تھا۔حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ ایک فلم کی ناکامی کے بعد مجھے نئی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی اور میں اس پر کام شروع کرنے کے لیے تیار تھا۔جاوید شیخ کے مطابق فلم سازوں نے بعد میں مجھے فون کر کے بتایا کہ فلم کے ڈسٹری بیوٹر کا خیال ہے کہ میں اس وقت فلاپ اداکار بن چکا ہوں، اس لیے میری جگہ فیصل رحمن کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اداکار نے بتایا کہ اس فیصلے نے مجھے شدید صدمہ پہنچایا اور میں اس واقعے پر رو پڑا۔جاوید شیخ نے کہا کہ اس کے بعد مجھے چند برس تک سخت جدوجہد کرنا پڑی، لیکن مسلسل محنت کے نتیجے میں دوبارہ کامیابی کی بلندیوں پر پہنچ گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ بعد میں وہی فلم ساز دوبارہ میرے پاس فلم کی پیشکش لے کر آئے، مگر میں نے دل میں کوئی رنجش نہیں رکھی اور پیشہ ورانہ انداز میں ان کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔جاوید شیخ کے مطابق زندگی میں اتار چڑھائو آتے رہتے ہیں، لیکن محنت، صبر اور مثبت رویہ ہی انسان کو دوبارہ کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔