امریکی جوہری تنصیب میں آگ لگ گئی، ہنگامی حالت نافذ، فضائی پروازوں پر پابندی

واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں واقع سوانا ریور سائٹ نامی اہم جوہری تنصیب میں لیبارٹری کے اندر آگ لگنے کے بعد ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور متاثرہ عمارت سے باہر کسی آلودگی کی اطلاع نہیں ملی۔ترک خبر رساں ادارے انادولو ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ توانائی کی سوانا ریور سائٹ نے بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق 5 بج کر 39 منٹ پر تنصیب کے اندر ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔ یہ تنصیب جنوبی کیرولائنا میں شہر ایکن کے قریب واقع ہے۔تنصیب کی انتظامیہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ سوانا ریور نیشنل لیبارٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم بعد میں آگ بجھا دی گئی۔