ڈولفن فورس دوبارہ متحرک،500 نئی موٹر سائیکلیں،25 کروڑلاگت

موٹر سائیکلوں کی خستہ حالی کے باعث فورس کو گشت کے دوران مشکلات کا سامنا ہے 
 آئی جی عبدالکریم نے موٹر سائیکلوں کی خریداری کے لیے سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی 
 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن فورس کی واپسی کی تیاریاں تیز، 500 نئی موٹر سائیکلیں خریدنے کی سمری پنجاب حکومت کو ارسال,25 کروڑ روپے کی لاگت سے موٹر سائیکلیں خریدی جائیں گی، منظوری ملتے ہی ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ تفصیلات کے مطابق ڈولفن فورس کو دوبارہ متحرک کرنے اور شہر کی سڑکوں پر مؤثر گشت یقینی بنانے کے لیے 500 نئی موٹر سائیکلوں کی خریداری کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے موٹر سائیکلوں کی خریداری کے لیے سمری پنجاب حکومت کو بھجوا دی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈولفن فورس کے لیے 500 موٹر سائیکلیں تقریباً 25 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی جائیں گی۔ موجودہ ہیوی بائیکس کی جگہ 150 سی سی موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی تجویز ہے، تاکہ فورس کی نقل و حرکت اور گشت کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے خریداری کی منظوری ملتے ہی نئی موٹر سائیکلوں کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا۔ حکام کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ موٹر سائیکلوں کی خستہ حالی کے باعث فورس کو گشت کے دوران مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب ڈولفن فورس کی زیادہ تر نفری معمول کے گشت کے بجائے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے لاء￿  اینڈ آرڈر ڈیوٹیوں پر تعینات ہے۔ نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی سے فورس کی استعداد کار بہتر بنانے اور لاہور کی سڑکوں پر گشت کے نظام کو مؤثر بنانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔