مانچسٹر: برطانیہ کے وزیراعظم بننے کی مہم کا آغاز کرنے والے لیبر رہنما اینڈی برنہم نے اعلان کیا ہے کہ اقتدار میں آنے کی صورت میں وہ اختیارات مرکز سے مقامی حکومتوں کو منتقل کریں گے۔
مانچسٹر میں پالیسی خطاب کرتے ہوئے اینڈی برنہم نے کہا کہ پارلیمنٹ اور وائٹ ہال میں بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے اور حکومتی اختیارات کو مرکز سے مختلف علاقوں تک منتقل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دفتر کو "نمبر 10 نارتھ" تک توسیع دی جائے گی، جبکہ پانی، بجلی، رہائش، توانائی اور ٹرانسپورٹ جیسے شعبوں پر عوامی کنٹرول کو فروغ دیا جائے گا۔اینڈی برنہم کا کہنا تھا کہ برطانیہ ہاؤسنگ بحران کا شکار ہے، اس لیے "نمبر 10 نارتھ" جنگِ عظیم دوم کے بعد کونسل کے گھروں کی تعمیر کے سب سے بڑے پروگرام کی نگرانی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے صرف یونیورسٹی ہی نہیں بلکہ صنعتی شعبے میں روزگار کے واضح مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے۔لیبر رہنما نے ہائی اسٹریٹس کی بحالی کے لیے بزنس ریٹس میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ کو وہ "سرکٹ بریکر" فراہم کرنا چاہتے ہیں جس کی ملک کو ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی ممکن ہے، کیونکہ مانچسٹر میں اس کی عملی مثال پہلے ہی پیش کی جا چکی ہے۔