بھارت: دولہا سے رقم طلب کرنے پر والد کا بیٹی پر حملہ، چاقو کا استعمال

بھارت: دولہا سے رقم طلب کرنے پر والد کا بیٹی پر حملہ، چاقو کا استعمال

بنگلورو: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک باپ نے مبینہ طور پر اپنی ہی بیٹی پر نجی کالج کے اندر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔

 پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ 25 جولائی کو دوپہر تقریباً 3 بجے پیش آیا، جب ٹیکسی ڈرائیور نگیندر اپنی بیٹی لکشمی درگا سے ملاقات کے لیے اس کے کالج پہنچا۔ کالج انتظامیہ نے اسے پرنسپل کے دفتر میں ملاقات کی اجازت دی، جہاں باپ اور بیٹی کے درمیان بات چیت کے دوران اچانک تلخ کلامی ہو گئی۔رپورٹس کے مطابق ملزم نے غصے میں آ کر اپنی بیٹی پر چاقو سے یکے بعد دیگرے کئی وار کیے، جس سے اس کے پیٹ، سینے اور گردن پر گہرے زخم آئے۔ حملے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا جبکہ کالج عملے نے فوری طور پر زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ زیرِ علاج ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون لکشمی درگا ایک نجی کالج میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم اپنی بیٹی کی شادی کے معاملے پر ناراض تھا۔تحقیقات کے مطابق نگیندر نے ایک خاندان کی جانب سے شادی پر رضامندی ظاہر کیے جانے کے بعد مبینہ طور پر دولہا والوں سے 40 لاکھ بھارتی روپے کا مطالبہ کیا۔

 اس کا مؤقف تھا کہ اس نے بیٹی کی تعلیم اور کیریئر پر بھاری اخراجات کیے ہیں، اس لیے اسے مالی معاوضہ ملنا چاہیے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے یہ شرط بھی رکھی تھی کہ شادی کے بعد بھی اس کی بیٹی اپنی ماہانہ تنخواہ والد کے حوالے کرے گی۔ تاہم لکشمی درگا اور اس کی والدہ نے ان مطالبات کی مخالفت کی، جس کے باعث گھر میں کافی عرصے سے تنازعات جاری تھے۔حکام کے مطابق واقعے کے فوراً بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف اقدامِ قتل سمیت متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔واقعے نے ریاست بھر میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں صارفین خواتین کے تحفظ اور گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔