کیرالہ: بینک کینٹین میں بیف پر پابندی کے خلاف ملازمین کا منفرد احتجاج

کیرالہ: بینک کینٹین میں بیف پر پابندی کے خلاف ملازمین کا منفرد احتجاج

بھارتی ریاست کیرالہ کے شہر کوچی میں کینارا بینک کے دفتر کے باہر ایک انوکھا احتجاج دیکھنے کو ملا، جہاں بینک ملازمین نے کینٹین میں بیف پر پابندی کے خلاف ’بیف پراٹھے‘ تقسیم کیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، بہار سے تعلق رکھنے والے ایک ریجنل منیجر نے حال ہی میں کوچی میں عہدہ سنبھالا اور آتے ہی بینک کی کینٹین میں گائے کے گوشت پر پابندی عائد کر دی۔ اس فیصلے کے بعد ملازمین نے احتجاجی انداز اپناتے ہوئے دفتر کے باہر بیف پراٹھے بانٹے۔بینک ایمپلائز فیڈریشن آف انڈیا (BEFI) کے مطابق، احتجاج کی اصل وجہ منیجر کی مبینہ بدسلوکی اور افسران کی تضحیک تھی، لیکن بیف پابندی نے اس مسئلے کو مزید اجاگر کر دیا۔فیڈریشن رہنما ایس ایس انیل نے کہا کہ بینک کی کینٹین میں مخصوص دنوں پر بیف پیش کیا جاتا تھا، لیکن منیجر نے پابندی لگا دی۔ "کھانا ہر فرد کا ذاتی انتخاب ہے، یہ احتجاج صرف ہمارا موقف ظاہر کرنے کا طریقہ ہے۔"

ریاستی سیاستدانوں نے بھی ملازمین کے احتجاج کی حمایت کی۔ آزاد رکن اسمبلی کے ٹی جلیل نے کہا کہ کیرالہ میں کسی کے کھانے پینے کے انتخاب پر پابندی مسلط نہیں کی جا سکتی۔خیال رہے کہ اس سے قبل 2017 میں مرکزی حکومت کی جانب سے مویشیوں کی خرید و فروخت پر پابندی کے بعد بھی کیرالہ سمیت کئی ریاستوں میں ’بیف فیسٹ‘ کے نام سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔