چین: 40 سالہ مریض 40 گھنٹے دل بند رہنے کے بعد زندہ بچ گیا

لاہور(نیٹ نیوز )چین کے ایک اسپتال میں 40 سالہ شخص کی زندگی بچ جانے کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں اس کا دل 40 گھنٹے سے زائد وقت تک بند رہا مگر جدید طبی علاج کی بدولت ناصرف دل دوبارہ دھڑکنے لگا بلکہ وہ شخص صحت یاب بھی ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ زیشیانگ اسپتال میں پیش آیا، جہاں ڈاکٹر نے سوشل میڈیا پر اس کیس کی تفصیلات شیئر کیں۔مریض کو ابتدائی طور پر سینے میں درد اور سانس لینے میں دشواری کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، جہاں بعد ازاں اس کا دل اور سانس دونوں بند ہو گئے۔ ڈاکٹروں نے اسے فْلمننٹ مایوکارڈائٹس (دل کی شدید سوزش) میں مبتلا قرار دیا، جو ممکنہ طور پر وائرل انفیکشن کے بعد پیدا ہوئی تھی۔طبی ٹیم نے تقریباً 10 بار برقی جھٹکوں (ڈیفبریلیشن) کے ذریعے دل کو بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔بعد ازاں مریض کو زندگی بچانے والی مشین ای سی ایم او پر منتقل کیا گیا، جو دل اور پھیپھڑوں کا کام مصنوعی طور پر انجام دیتی ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق مریض کا دل 40 گھنٹے سے زائد وقت تک تقریباً مکمل طور پر بند رہا، تاہم وہ ای سی ایم او اور مسلسل طبی نگہداشت کی مدد سے زندہ رہا۔