سیف سٹی کی ٹیکنالوجی سے دس سالہ گمشدہ عبدالقدیر اہلخانہ سے مل گیا

 لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ورچوئل سنٹر فار چائلڈ سیفٹی نے جدید فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے دس سال سے لاپتہ عبدالقدیر کے اہلِ خانہ کا سراغ لگا لیا۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق عبدالقدیر 2016ء   میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ کراچی آیا تھا، جہاں وہ کورنگی کے علاقے سے لاپتہ ہوگیا۔ اس وقت اس کی عمر 13 سال تھی اور قوتِ سماعت و گویائی سے محرومی کے باعث وہ اپنے گھر کا پتا بتانے سے قاصر تھا۔ سال 2019ء￿  میں عبدالقدیر خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں ایک مقامی خاندان کو ملا، جس نے اس کی دیکھ بھال کی۔ خاندان نے اس کے ورثا کی تلاش کے لیے سیف سٹی کے ’’میرا پیارا‘‘ پروگرام سے رابطہ کیا۔ ٹیم نے عبدالقدیر کی تصاویر اور معلومات سسٹم میں درج کیں تو فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی نے کراچی سے لاپتہ ہونے والے عبدالقدیر ولد عبدالکبیر کے ریکارڈ سے مماثلت کی نشاندہی کردی۔ سیف سٹی ٹیم نے ویڈیو کال کے ذریعے عبدالقدیر کا اس کے اہلِ خانہ سے رابطہ کروایا، جہاں اس نے اپنے پیاروں کو پہچان لیا۔ یوں دس سال بعد خاندان کا رابطہ بحال ہوگیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق گمشدہ یا لاوارث افراد کے بارے میں اطلاع دینے کے لیے شہری ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے نمبر 3 دبائیں۔