اے این ایف ان ایکشن خاتون سمیت6ملزم گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف سات کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے مالیت کی 157.22 کلوگرام منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق اٹک میں ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم سے 120 گرام چرس اور 100 گرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ فیصل آباد میں ساہیانوالہ انٹرچینج کے قریب ایک گاڑی سے 120 کلوگرام چرس برآمد کی گئی، جبکہ پشاور رنگ روڈ کے قریب گاڑی سے 10.8 کلوگرام افیون پکڑی گئی۔ راولپنڈی موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 7.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ راولپنڈی انٹرچینج کے قریب ایک خاتون سے 2.4 کلوگرام چرس پکڑی گئی۔ سرگودھا کے جھال چکیاں چوک کے قریب ایک ملزم سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ پشاور کے ٹریول کارگو آفس میں پشاور سے اسلام آباد جانے والی گاڑی کے ٹائر میں چھپائی گئی 13 کلوگرام چرس بھی برآمد ہوئی۔ اے این ایف نے ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء￿  کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔