1359 ٹریفک حادثات، 674 افراد شدید زخمی

  80 فیصد حادثات موٹر سائیکلوں   کے نکلے، لاہور 240 حادثات کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا ، ریسکیو رپورٹ جاری
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1,359 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا، جن میں 674 افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 896 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کی، جس سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ان حادثات میں تقریباً 80 فیصد واقعات موٹر سائیکلوں سے متعلق تھے۔ ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصولہ ایمرجنسی کالز کے اعداد و شمار کے مطابق حادثات میں 920 ڈرائیور، 52 کم عمر ڈرائیور، 502 مسافر اور 178 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ لاہور کنٹرول روم میں ٹریفک حادثات سے متعلق 240 کالز موصول ہوئیں، جبکہ صوبائی دارالحکومت 285 متاثرین کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ ملتان 96 حادثات اور 104 متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ فیصل آباد 70 حادثات اور 79 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق حادثات کے مجموعی 1,580 متاثرین میں 1,258 مرد اور 322 خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں میں 337 افراد کی عمر 18 سال سے کم، 788 کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 455 افراد کی عمر 40 سال سے زیادہ تھی۔ حادثات میں 1,522 موٹر سائیکلیں، 87 آٹو رکشے، 126 کاریں، 16 وینز، 10 مسافر بسیں، 40 ٹرک اور دیگر اقسام کی 63 گاڑیاں شامل تھیں۔ ریسکیو حکام نے ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور سڑکوں پر لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔