دوہرے قتل کا مرکزی ملزم گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) ستوکتلہ میں دوہرے قتل کی واردات کے مرکزی ملزم مرزا علی یار کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے 24 اکتوبر کو فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل اور دو کو شدید زخمی کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد ملزم نے اپنا موبائل فون بند کر لیا تھا اور گرفتاری سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کی نگرانی میں پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی انٹیلیجنس کی مدد سے نجی سوسائٹی کے قریب ایک پارک سے ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم کے زیر استعمال گاڑی بھی ہسپتال کی پارکنگ سے بر آمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کا اپنی اہلیہ کے ساتھ گھریلو تنازع چل رہا تھا اور وہ پہلے بھی جیل جا چکا ہے۔ ملزم مبینہ طور پر ایک اور شہری سامی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی بھی کر رہا تھا۔ ایس پی صدر نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔