لاہور(سپیشل رپورٹر)یوم تکبیر کے حوالے سے راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے کی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب سمیت اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی شرکت کی۔ عوام کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کا دن ہے۔اس وقت کے وزیراعظم اور قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف نے ہر دباؤ کو مسترد کر کے ایٹمی دھماکے کیے۔ میاں محمد نواز شریف نے وطن کو ناقابل تسخیر طاقت بنایا۔چاغی کے پہاڑ نعرہ تکبیر کی آج بھی گواہی دے رہے ہیں۔ اس طاقت کا مظاہرہ 10 مئی کو ساری دنیا نے دیکھا۔ آج کے دن ہم نے دشمن کے ناپاک ارادے ہمیشہ کے لیے خاک میں ملا دیئے۔ میاں محمد نواز شریف نے کسی دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا اور ملک کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ ہماری بہادر افواج نے بھارت کو وہ دھول چٹائی ہے جسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر اور اپنی افواج پر فخر ہے۔ یوم تکبیر پاکستان کی جوہری طاقت اور تحفظ وطن کو یقینی بنانے کا دن ہے۔1998 میں بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے جس سے جنوبی ایشاء میں طاقت کا توازن قائم ہوا۔ بھارت نے جب بھی جارحیت کی، اسے منہ کی کھانی پڑی۔ اگر بھارت نے آیندہ کسی قسم کا ایڈونچر کیا تو جواب 10 مئی سے کہیں زیادہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی قریب ہے، جلد کشمیر بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزاد ہو گا۔