لاہور(نیٹ نیوز )بھارت میں چور لفٹ کے خاتون کے گلے سے سونے کی چین نوچ کر فرار ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔اے آئی آئی ایم ایس بھوپال میں سونے کی چین کے چھیننے کے واقعے نے طبی ادارے کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص نے مبینہ طور پر خاتون ملازم کو اسپتال کی لفٹ کے اندر لوٹ لیا اور باآسانی فرارہوگیا۔متاثرہ خاتون ایمس بھوپال کے شعبہ امراض نسواں میں کام کرتی ہیں۔ انہیں مبینہ طور پر ایک لفٹ کے اندر نشانہ بنایا گیا تھا، یہ جگہ عام طور پر محدود رسائی اور کیمپس میں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کی وجہ سے اسپتال کے اندر محفوظ سمجھی جاتی ہے۔ویڈیو میں ماسک پہنے ملزم خاتون کے کچھ دیر بعد لفٹ میں داخل ہوتا ہے، جیسے ہی لفٹ چلتی ہے، دونوں مختصر باتیں کرتے نظر آتے ہیں۔ جب لفٹ کے دروازے کھلتے ہیں، تو آدمی چند سیکنڈ کے لیے رکتا ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ارد گرد نظر ڈالتا ہے کہ کوئی موجود نہیں اور پھر اچانک عورت کی سونے کی چین چھین لیتا ہے۔عورت مدد کے لیے چیختے ہوئے اس کے پیچھے بھاگتی ہے۔ اس کی کوششوں اور احاطے میں متعدد سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی کے باوجود مبینہ طور پر ملزم ایمس کیمپس سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کی کہ خاتون نے فوری طور پر واقعہ کی اطلاع دی۔ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے، اور مقامی حکام نے ملزم کی شناخت اور ان کا سراغ لگانے کے لیے ہسپتال اور آس پاس کے علاقوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج کا استعمال کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔