کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کی مدت میں توسیع کی سمری کی منظوری دے دی۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کمیشن کی مدت میں توسیع کی سمری منظور کرلی ہے، تاہم توسیع کی حتمی منظوری کے لیے سندھ کابینہ کی توثیق تاحال باقی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ کی توثیق کے بعد آج یا کل کمیشن کی مدت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ اس دوران توسیع کا عمل جاری رہنے کے باعث کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھے گا۔دوسری جانب رجسٹرار جوڈیشل کمیشن کے مطابق کمیشن کو تاحال مدت میں توسیع کا نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن ایک ماہ کے لیے تشکیل دیا گیا تھا اور اس کی مدت 27 ستمبر کو ختم ہوچکی ہے۔ کمیشن کی مدت میں توسیع کے لیے سندھ کابینہ اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری ضروری ہے۔