پی ٹی آئی لانگ مارچ، راولپنڈی میں واٹر ٹینکر سروس متاثر

پولیس اہلکاروں کیلئے ٹینکرز ٹیکسلا منتقل، شہری نجی ٹینکرز سے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور 
راولپنڈی شہر اور کینٹ میں اہلکاروں کے قیام کیلئے 35  سکول خالی کرائے گئے ہیں:ایم ڈی واسا
راولپنڈی(آئی این پی )پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کیلئے ٹیکسلا میں تعینات پولیس اہلکاروں کو پانی فراہم کرنے کیلئے راولپنڈی کے تمام دستیاب واٹر ٹینکرز منتقل کردیئے گئے۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ملتوی ہونے کے باوجود حکومت کی جانب سے ٹیکسلا میں تعینات واٹر ٹینکرز اور عملے کو تاحال راولپنڈی واپس نہیں بلایا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث گنجان آباد شہر کے ان علاقوں کو مشکلات کا سامنا ہے جہاں پانی کی فراہمی کیلئے واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی، واسا کے ٹینکرز استعمال کئے جاتے ہیں۔ سرکاری افسر کے مطابق پی ٹی آئی لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے 43 ہزار 200 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 30 ہزار 700 پولیس اہلکار اٹک، 10 ہزار 600 راولپنڈی ضلع جبکہ ایک ہزار 976 اہلکار جہلم، مری اور چکوال میں تعینات کیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق راولپنڈی شہر اور کینٹ میں پولیس اہلکاروں کے قیام کیلئے 35 اسکول خالی کرائے گئے ہیں۔ اسی طرح ٹیکسلا اور اس کے اطراف میں 5 سرکاری اسکول، ایک نجی اسکول اور ایک کالج بھی پولیس اہلکاروں کے قیام کیلئے خالی کرائے گئے ہیں۔پولیس اہلکاروں کی پانی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے ان علاقوں میں واٹر ٹینکرز بھی بھیجے گئے ہیں۔اس سے قبل ضلعی انتظامیہ نے واسا کو ہدایت کی تھی کہ پولیس اہلکاروں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اپنے تمام 22 واٹر ٹینکرز عملے سمیت ٹیکسلا بھیجے جائیں