انگلینڈ: انگلش فٹبال کے کاراباؤ کپ میں بڑا اپ سیٹ سامنے آ گیا، جہاں چوتھے درجے کی ٹیم فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے مضبوط حریف آرسنل کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-5 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اس کامیابی کو فلیٹ ووڈ ٹاؤن کے کلب کی تاریخ کی اہم ترین فتوحات میں شمار کیا جا رہا ہے۔فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے اپنے ہوم گراؤنڈ ہائیبری اسٹیڈیم میں آرسنل کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا۔ دونوں ٹیموں کی رینکنگ میں 84 درجوں کا فرق تھا، لیکن میزبان ٹیم نے مقابلے کے دوران حوصلے اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔میچ کے ابتدائی مرحلے میں اس وقت غیر معمولی صورت حال پیدا ہوگئی جب اسٹیڈیم کے اوپر ایک ڈرون نظر آنے کے بعد کھیل آٹھ منٹ سے زائد وقت کے لیے روکنا پڑا۔ کھیل دوبارہ شروع ہونے پر دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے جاری رکھے۔مقابلے کے 21ویں منٹ میں آرون لوپالو بی نے گول اسکور کرکے فلیٹ ووڈ ٹاؤن کو برتری دلائی۔ میزبان ٹیم نے پہلے ہاف میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کی، تاہم دوسرے ہاف میں آرسنل نے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔
آرسنل کی جانب سے وکٹر گیوکیریس نے گول اسکور کیا، جس کے بعد مقررہ وقت میں کوئی اور گول نہ ہو سکا اور میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر چلا گیا۔میچ کے 86ویں منٹ میں آرسنل کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب نوجوان کھلاڑی میکس ڈاؤمن کو مخالف کھلاڑی ہیریسن نیل کے ساتھ ٹکراؤ کے بعد لات چلانے پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فلیٹ ووڈ ٹاؤن کے گول کیپر جے لنچ نے برونو گیمارائش کی پنالٹی کک روک کر اپنی ٹیم کی جیت کے امکانات روشن کر دیے۔ بعد ازاں کونر ہاؤگھی نے فیصلہ کن پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے فلیٹ ووڈ ٹاؤن کی فتح یقینی بنا دی۔