چین کے سرکاری نشریاتی ادارے چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) نے لا لیگا کے میچز کی نشریات معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ادارے کے مطابق، ریال میڈرڈ کے فرانسیسی فٹبالر کائیلیان ایمباپے سے متعلق اشتہارات بھی نشر نہیں کیے جائیں گے۔ہسپانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد کیا گیا، جس میں ایمباپے کے تبصروں میں چین کے سابق رہنما ماؤ زے تنگ کا ذکر سامنے آیا۔ تاہم، دستیاب بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ نشریات کی معطلی کب تک جاری رہے گی۔سی ایم جی، چین کے سرکاری ٹیلی ویژن نیٹ ورک سی سی ٹی وی کی نگرانی کرتا ہے۔ ادارے نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ اسپینش فٹبال لیگ کے میچز کی نشریات روک دی گئی ہیں۔ اس فیصلے سے چین میں لا لیگا کے شائقین کو میچز دیکھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ماہرین کے اندازے کے مطابق، چین میں نشریات معطل رہنے سے لا لیگا کو 2030 تک 400 ملین یورو تک کا نقصان ہو سکتا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ اس تخمینے کی بنیاد کیا ہے یا معطلی سے لیگ کی آمدنی پر فوری طور پر کتنا اثر پڑے گا۔