بھاٹی گیٹ :بھابھی پر تشدد کرنے والا ملزم حوالات بند

 گھریلو ناچاقی پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا، سامان کی توڑ پھوڑ، مقدمہ درج
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر خواتین پر تشدد اور جنسی استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ بھاٹی گیٹ پولیس نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بھابھی کو تشدد کا نشانہ بنانے اور گھر میں سامان کی توڑ پھوڑ کرنے والے ملزم جمشید کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے گھریلو تنازع پر اپنی بھابھی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر میں موجود سامان کی توڑ پھوڑ کی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزم کے بھائی کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کی اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے کہا کہ خواتین پر تشدد پولیس کے لیے ریڈ لائن ہے اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔