لاہور (کرائم رپورٹر) شالیمار کے علاقے جی ٹی روڈ پر لڑائی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے شہری شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے مرکزی ملزم کو موقع سے گرفتار کرکے تین افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق عظیم خان، حسیب اور اعظم نے مبینہ طور پر طیش میں آکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہزاد جٹ شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی شہری کو ٹانگ پر دو جبکہ کان کے قریب ایک گولی لگی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو فوری طبی امداد کے لیے میو ہسپتال منتقل کردیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم عظیم خان کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا کہ واقعے میں ملوث فرار ملزمان کو بھی جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔