چوہنگ میں واقعہ ،گھر میں گھس کر فائرنگ ، مقدمہ درج، دو نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل
لاہور (کرائم رپورٹر) چوہنگ کے علاقے میں گھر میں گھس کر حاملہ خاتون پر فائرنگ کے نتیجے میں نومولود بچہ جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ کے مطابق نامزد ملزمان حمزہ اور اسامہ کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیموں کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پولیس کو ملزمان کا سراغ لگانے اور انہیں جلد از جلد قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ایس پی صدر عبداللہ عمران چیمہ نے کہا کہ خواتین پر تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور نامزد ملزمان کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔