ادارے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنائیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد(آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحا ق ڈارنے کہا ہے  تمام متعلقہ ادارے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کے نتائج قومی پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا 52واں اجلاس ہوا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ، وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کی ایس ڈی جیز پروگرام کے اجلاس میں شرکت ہوئی۔اجلاس میں ملک بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے فنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم یقینی بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے، تمام متعلقہ ادارے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنائیں۔