کئی علاقوں میں ژالہ باری متوقع،بلوچستان اور پختونخوا میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی)ملک کے مختلف علاقوں میں آج رات اور کل بارش ا و ر ژالہ باری کا امکان ہے، کچھ علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے تاہم جنوب مغربی/شمالی بلوچستان ،خیبرپختونخوا، بالائی /وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ، چند مقامات پر ژالہ باری کی توقع ہے۔موسلادھار بارشوں کے باعث بلوچستان کے بعض علاقوں میں آج 28 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بالائی/وسطی خیبر پختونخوا کے مقامی ندی نالوں میں بھی28 سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ پختونخوا کے بعض بلند وبالاپہاڑی علاقوں پر ہلکی برفباری کابھی امکان ہے ،اسی طرح اسلام آباد اورپنجاب کے علاقوں مری، گلیات ،راولپنڈی ، جہلم، سرگودھا ، فیصل آباد ، گجرات، منڈی بہائوالدین، سیالکوٹ ، لاہور ، ڈیرہ غازی خان، راجن پور میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی جنوب مغربی/شمالی بلوچستان، جنوبی پنجاب اوربالائی خیبر پختونخوا میں کئی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ادھر گوادر، جیونی، گنز، پیشکان سمیت گردونواح میں موسلا دھار بارش جاری رہی، اس دوران چھپ ریکانی میں برساتی نالے کا پانی گائوں میں داخل ہو ا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔