بسنت :پتنگوں کی مانگ بڑھ گئی

 لاہور( خصوصی رپورٹ)بسنت کے قریب آتے ہی پتنگوں کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی پتنگ سازوں کے لیے آرڈرز پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی پتنگیں منگوانے کی اجازت دی جائے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق دو دہائیوں بعد بسنت کی واپسی کے باعث طلب بہت زیادہ بڑھ گئی ہے اور مقامی مینوفیکچررز اس بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا نہیں کر پا رہے۔اس موقع پر ایسوسی ایشن نے کمشنر لاہور کے ساتھ اجلاس میں یہ مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ بیرونِ شہر سے پتنگیں منگوانے کی اجازت ملنے سے نرخ قابو میں رہیں گے اور عوام کو مناسب قیمت پر پتنگیں دستیاب ہوں گی۔ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ایسوسی ایشن کے مطالبات پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور سفارشات حکومت کو ارسال کر دی ہیں۔ تاہم بیرونِ شہر سے پتنگیں اور ڈور منگوانے کی حتمی اجازت حکومتی گرین سگنل پر مشروط ہے۔