ملازمین کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری :ڈی آئی جی عمران کشور
لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی اولاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پرکیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں پولیس ملازمین کے خاندانوں میں گروپ انشورنس کے چیک تقسیم کئے گئے۔ڈی آئی جی(ایڈمن)عمران کشورنے ریٹائرڈ اوردوران سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے 18خاندانوں میںگروپ انشورنس کی مد میں 37لاکھ13ہزارروپے سے زائد مالیت کے چیک تقسیم کئے۔گروپ انشورنس کے چیک وصول کرنے والوں میں ایس آئی اعجازاحمد،اے ایس آئی عابد حسین، طارق حسین، ہیڈ کانسٹیبل شہروز خان،ممتاز حسین، شہبازمنصور،کانسٹیبل علی عمران،محمد جمیل، امانت علی، اختر رسول،لیڈی نائب قاصد سمیرا رفیق اور کک عثمان کے اہلِ خانہ میں چیک تقسیم کئے گئے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ لاہورپولیس ملازمین کے واجبات کی بروقت ادائیگی یقینی بنا رہی ہے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لاہور پولیس کرائم فائٹنگ کے ساتھ ساتھ ایک ویلفیئر اورینٹڈ ادارہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے والے ملازمین ہمارارول ماڈل ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس ملازمین کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود ہماری ذمہ داری ہے۔ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر پولیس ملازمین اور ان کے اہل ِ خانہ میں ویلفیئر فنڈز کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس نے ملازمین کے بہترین علاج معالجہ اور بچوں کی کوالٹی ایجوکیشن سمیت ویلفیئر کیلئے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں۔ڈی آئی جی (ایڈمن) لاہور نے کہا کہ شہدائے پولیس کے اہل ِ خانہ کی رہائش گاہوں، بچوں کی شادی اور ملازمت سمیت ویلفیئر کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ عمران کشور نے کہا کہ شہداء کے اہلِ خانہ اور غازیوں سمیت پولیس ملازمین کی ویلفیئر ہماری اولین ترجیح ہے۔واجبات کی بروقت فراہمی پرپولیس ملازمین کے اہلِ خانہ نے لاہور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔