لاہور(کرائم رپورٹر)نشے کی خاطر بیوی کو والدین کے گھر سے پیسے لانے پر مجبور کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے ٹیم کے ہمراہ ضلع قصور سے ملزم الماس کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق ملزم نشے کا عادی تھا اور اپنی اہلیہ مہناز بی بی پر پیسے لانے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔ انکار پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس پر ملزم نے طیش میں آکر چھری کے وار کرکے بیوی کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیاچھری کے حملے میں مہناز بی بی کے پیٹ، بازو اور ٹانگ پر زخم آئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔